نئی دہلی3جون(آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر کے عہدے کے لئے راہل گاندھی کا نام دینے کے ساتھ ہی اجیت جوگی نے پارٹی کے خلاف مورچہ کھول دیاہے۔چھتیس گڑھ کے سابق وزیراعلیٰ کانگریس اعلی قیادت سے اس قدر خفا ہیں کہ وہ اپنی ناراضگی ظاہرکرنے کے لئے بات چیت کی گنجائش بھی نہیں رکھ رہے ہیں۔ایک طرف جہاں انہوں نے نئی پارٹی کو لے کر اشارے دئے ہیں، وہیں صاف الفاظ میں کہا ہے کہ کانگریس کی مرکزی قیادت سے بات کرنا بھینس کے آگے بین بجانے جیسا ہے۔سمجھا جا رہا ہے کہ اجیت جوگی کانگریس میں اپنے بیٹے امت کی دوبارہ انٹری کو لے کر قیادت کے منفی رخ کے بعد سے ہی ناراض چل رہے ہیں،وہ نئی پارٹی بنانے کے اشارہ دے چکے ہیں، جس کا اعلان 6جون یا اس کے قریب ہو سکتا ہے۔ایسے حالات میں جب ان سے پوچھاگیاکہ کیا وہ دہلی جاکر کانگریس اعلی کمان سے بات کریں گے؟اجیت جوگی نے جواب دیاکہ کانگریس اعلیٰ قیادت سے بات کرنا بھینس کے آگے بین بجانے کی طرح ہے۔